’’الہی شفا ‘‘کے عنوان سے شائع ہونے والی انجیلِ لوقا نئے عہدنامے کی تیسری کتاب ہے، جو حضرت لوقا کی طرف منسوب ہے ۔ لوقا پیشے کے اعتبار سے ایک طبیب (ڈاکٹر) تھے اور پولس رسول کے قریبی ساتھی اور ہمسفر تھے۔ انہوں نے یہ انجیل نہ صرف تاریخی تحقیق بلکہ عینی شاہدین کی گواہیوں کی روشنی میں نہایت ترتیب اور دقتِ نظر کے ساتھ تحریر کی۔
یہ انجیل خاص طور پر غیر یہودی قارئین کے لیے لکھی گئی ہے، تاکہ وہ جان سکیں کہ سیدنا یسوع المسیح کی نجات سب انسانوں کے لیے ہے، چاہے وہ یہودی ہوں یا غیر یہودی۔ لوقا کی انجیل میں مسیح کی انسانیت، شفقت، اور کمزور و گناہگار لوگوں پر رحم کو نمایاں طور پر پیش کیا گیا ہے۔
اس میں سیدنا یسوع کی پیدائش کی سب سے مفصل کہانی بیان کی گئی ہے، جس میں فرشتہ جبرائیل کا حضرت مریم کے پاس آنا، چرواہوں کی خوشخبری سننا، اور ہیکل میں پیش کیے جانے کے واقعات شامل ہیں۔ اس انجیل میں کئی ایسی تمثیلیں بھی ہیں جو صرف جناب لوقا نے ہی درج کیں، جیسے ’’رحم دل سامری‘‘ اور ’’گمشدہ یا مصرف بیٹے کی تمثیل‘‘ ۔
انجیلِ لوقا کا پیغام یہ ہے کہ نجات ہر اُس شخص کے لیے ہے جو ایمان لاتا ہے، اور خدا کی بادشاہی محبت، رحم اور بخشش پر قائم ہے۔ اس کتاب کے اختتام پر سیدنا یسوع المسیح کی موت، قیامت، اور آسمان پر اٹھائے جانے کا بیان ملتا ہے، جو اُمید اور یقین کا پیغام دیتا ہے۔
خداوند یسوع المسیح کی بشارت ہر دل تک!
یہ تمام کتب چرچز، تعلیمی اداروں، سنڈے سکولز، کالجز، کمیونٹی لیڈرز، دیہات اور شہروں — کے لیے بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ ہمارا مقصد صرف ایک ہے، خداوند یسوع المسیح کی خوشخبری کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچانا، تاکہ اُس کے جلالی ظہور کی تیاری کی جا سکے۔ہم یقین رکھتے ہیں کہ جب ہر قوم اور ہر زبان میں خوشخبری پہنچے گی، تب وہ وقت آئے گا جس کا ہمیں شدت سے انتظار ہے — کہ ایماندار اُڑ کر ہوا میں اپنے منجی، یسوع مسیح، کا استقبال کریں۔جیسا کہ آپ جانتے ہیں، یہ مشن ہم اکیلے مکمل نہیں کر سکتے۔ اس عظیم کام کے لیے ہمیں ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہو گا، ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر مل جل کر آگے بڑھنا ہو گا۔کیونکہ یسوع مسیح کا فرمان ہے:
’’اور بادشاہی کی اِس خوشخبری کی منادی تمام دنیا میں ہو گی تاکہ سب قوموں کے لیے گواہی ہو۔ تب خاتمہ ہو گا۔‘‘ متی ۲۴ : ۱۴