’’زندگی کا چشمہ‘‘ کے عنوان سے انجیلِ یوحنا نئے عہدنامے کی چوتھی اور آخری انجیل ہے، جو یوحنا رسول کی طرف منسوب ہے۔ حضرت یوحنا وہ شاگرد تھے جنہیں خداوند یسوع المسیح ’’اپنا عزیز شاگرد‘‘ کہتے تھے، اور انہوں نے سیدنا مسیح کی زندگی اور خدمت کو نہایت گہری روحانی بصیرت کے ساتھ پیش کیا۔
یوحنا کی انجیل باقی تین اناجیل (متی، مرقس، لوقا) سے مختلف انداز میں لکھی گئی ہے۔ اس میں زیادہ زور مسیح کی الٰہیت اور اُن کی ازلی ہستی پر دیا گیا ہے، جیسا کہ ابتدا ہی میں بیان ہوتا ہے:
’’ابتدا میں کلام تھا، کلام خدا کے ساتھ تھا، اور کلام خدا تھا۔ ‘‘ (یوحنا ۱:۱ )
یہ انجیل المسیح کے سات بڑے ’’میں ہوں‘‘ والے بیانات اور سات بڑے معجزات کو بیان کرتی ہے، جو اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ خداوند یسوع ہی خدا کے بیتے ، اقوام عالم اور کائنات کل کے نجات دہندہ ہیں ۔ یوحنا کا مقصد صاف الفاظ میں یہ ہے۔ ’’یہ اس لیے لکھے گئے تاکہ تم ایمان لاؤ کہ یسوع ہی مسیح خدا کا بیٹا ہے، اور ایمان لا کر اُس کے نام سے زندگی پاؤ۔‘‘ (یوحنا ۲۰ :۳۱ ) جناب ِ یوحنا کی انجیل میں مسیح کی محبت، قربانی، اور اپنے شاگردوں کے لیے دعائیں نہایت گہرائی سے پیش کی گئی ہیں، خاص طور پر آخری شام کے موقع پر (باب ۱۳تا ۱۷)۔ اس کا پیغام واضح ہے: نجات ایمان کے وسیلے سے ملتی ہے، اور ابدی زندگی صرف یسوع مسیح میں ہے۔
خداوند یسوع المسیح کی بشارت ہر دل تک!
یہ تمام کتب چرچز، تعلیمی اداروں، سنڈے سکولز، کالجز، کمیونٹی لیڈرز، دیہات اور شہروں — کے لیے بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ ہمارا مقصد صرف ایک ہے، خداوند یسوع المسیح کی خوشخبری کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچانا، تاکہ اُس کے جلالی ظہور کی تیاری کی جا سکے۔ہم یقین رکھتے ہیں کہ جب ہر قوم اور ہر زبان میں خوشخبری پہنچے گی، تب وہ وقت آئے گا جس کا ہمیں شدت سے انتظار ہے — کہ ایماندار اُڑ کر ہوا میں اپنے منجی، یسوع مسیح، کا استقبال کریں۔جیسا کہ آپ جانتے ہیں، یہ مشن ہم اکیلے مکمل نہیں کر سکتے۔ اس عظیم کام کے لیے ہمیں ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہو گا، ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر مل جل کر آگے بڑھنا ہو گا۔کیونکہ یسوع مسیح کا فرمان ہے:
’’اور بادشاہی کی اِس خوشخبری کی منادی تمام دنیا میں ہو گی تاکہ سب قوموں کے لیے گواہی ہو۔ تب خاتمہ ہو گا۔‘‘ متی ۲۴ : ۱۴