Skip to content

زندگی کی اولین ترجیحات

’’زندگی کی اولین ترجیحات‘‘    کے ٹائٹل سے شائع انجیلِ مرقس نئے  عہدنامے  کی دوسری کتاب ہے، جو حضرت مرقس (یوحنا مرقس) کی طرف منسوب ہے۔ مرقس رسول جناب ِ  پطرس کے قریبی ساتھی اور خدمت گزار تھے، اور روایت کے مطابق اس انجیل میں زیادہ تر وہ باتیں درج ہیں جو انہوں نے جنابِ پطرس کی عینی شہادت اور تعلیم سے سنیں۔

یہ انجیل نئے عہدنامے  کی سب سے مختصر مگر نہایت پُراثر انجیل ہے، جس میں سیدنا  یسوع المسیح  کی زندگی اور خدمت کو تیز رفتار، عملی اور مؤثر انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ اس کا مرکزی زور خداوند  یسوع مسیح کے اعمال اور معجزات پر ہے نہ کہ  طویل خطبوں یا تمثیلوں کے۔

مرقس کی انجیل خاص طور پر غیر یہودی (رومی) قارئین کے لیے لکھی گئی، تاکہ وہ  خداوند یسوع مسیح کو خدا کا بیٹا اور نجات دہندہ کے طور پر پہچان سکیں۔ اس میں بار بار ’’فوراً‘‘ یا ’’یکدم‘‘  جیسے الفاظ استعمال ہوتے ہیں، جو خدمتِ مسیح کی سرعت اور طاقت کو نمایاں کرتے ہیں۔

انجیلِ مرقس میں مسیح کے بپتسمے سے لے کر اُن کی صلیب، موت اور جلالی قیامت تک کے واقعات بیان کیے گئے ہیں۔ یہ انجیل اس پیغام پر اختتام پذیر ہوتی ہے کہ یسوع المسیح  جی اُٹھے ہیں اور اپنے شاگردوں کو دنیا میں خوشخبری سنانے کا حکم دیتے ہیں۔

مرقس کی انجیل ہمیں نہ صرف ایمان میں مضبوط کرتی ہے بلکہ عملی خدمت، عاجزی اور سیدنا مسیح کے نقشِ قدم پر چلنے کی ترغیب بھی دیتی ہے۔

خداوند یسوع  المسیح  کی بشارت  ہر دل تک!

یہ تمام کتب  چرچز، تعلیمی اداروں، سنڈے سکولز، کالجز، کمیونٹی لیڈرز، دیہات اور شہروں — کے لیے بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ ہمارا مقصد صرف ایک ہے، خداوند یسوع المسیح کی خوشخبری کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچانا، تاکہ اُس کے جلالی ظہور کی تیاری کی جا سکے۔ہم یقین رکھتے ہیں کہ جب ہر قوم اور ہر زبان میں خوشخبری پہنچے گی، تب وہ وقت آئے گا جس کا ہمیں شدت سے انتظار ہے — کہ ایماندار اُڑ کر ہوا میں اپنے منجی، یسوع مسیح، کا استقبال کریں۔جیسا کہ آپ جانتے ہیں، یہ مشن ہم اکیلے مکمل نہیں کر سکتے۔ اس عظیم کام کے لیے ہمیں ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہو گا، ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر مل جل کر آگے بڑھنا ہو گا۔کیونکہ یسوع مسیح کا فرمان ہے:

’’اور بادشاہی کی اِس خوشخبری کی منادی تمام دنیا میں ہو گی تاکہ سب قوموں کے لیے گواہی ہو۔ تب خاتمہ ہو گا۔‘‘ متی ۲۴ : ۱۴