کلامِ الٰہی کے پیغام کو مؤثر انداز میں نوجوانوں تک پہنچانے کے لیے ایک تصویری کتاب ’’نیک و بد‘‘ تیار کی گئی ہے، جو اردو، پشتو، سندھی، ہندی، نیپالی سمیت کئی دیگر زبانوں میں دستیاب ہے۔ یہ کتاب خاص طور پر نوجوانوں کو کلامِ خدا کی تعلیمات سے روشناس کروانے کا ایک جامع اور مؤثر ذریعہ ہے۔
’’نیک و بد‘‘ میں کلامِ خدا کے حقائق، معجزات، انبیاء کی حیاتِ مبارکہ اور اہم واقعات کو دلکش اور دلچسپ تصویری انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ ہر واقعے کو مکالماتی طرز میں بیان کیا گیا ہے تاکہ قاری نہ صرف مفہوم کو بہتر طور پر سمجھ سکے بلکہ مطالعے میں دلچسپی بھی برقرار رہے۔
مزید سہولت کے لیے، ہر باب کو آڈیو اور ویڈیو فارمیٹ میں بھی تیار کیا گیا ہے تاکہ ربِ باری تعالیٰ کی تعلیمات کو سیکھنا اور دوسروں تک پہنچانا اور بھی آسان ہو جائے۔ یہ تمام ویڈیوز یوٹیوب اور فیس بک پر بآسانی دستیاب ہیں۔
خداوند یسوع المسیح کی بشارت ہر دل تک!
یہ تمام کتب چرچز، تعلیمی اداروں، سنڈے سکولز، کالجز، کمیونٹی لیڈرز، دیہات اور شہروں — کے لیے بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ ہمارا مقصد صرف ایک ہے، خداوند یسوع المسیح کی خوشخبری کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچانا، تاکہ اُس کے جلالی ظہور کی تیاری کی جا سکے۔ہم یقین رکھتے ہیں کہ جب ہر قوم اور ہر زبان میں خوشخبری پہنچے گی، تب وہ وقت آئے گا جس کا ہمیں شدت سے انتظار ہے — کہ ایماندار اُڑ کر ہوا میں اپنے منجی، یسوع مسیح، کا استقبال کریں۔جیسا کہ آپ جانتے ہیں، یہ مشن ہم اکیلے مکمل نہیں کر سکتے۔ اس عظیم کام کے لیے ہمیں ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہو گا، ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر مل جل کر آگے بڑھنا ہو گا۔کیونکہ یسوع مسیح کا فرمان ہے:
’’اور بادشاہی کی اِس خوشخبری کی منادی تمام دنیا میں ہو گی تاکہ سب قوموں کے لیے گواہی ہو۔ تب خاتمہ ہو گا۔‘‘ متی ۲۴ : ۱۴